حکومت منی بجٹ مسلط کرنے کے بجائے مستعفی ہو،شہباز شریف

329

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے صدراور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ اس ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ 5 ارب ڈالرسے زیادہ ہونا معاشی تباہی کی علامت ہے، موجودہ مالی سال کے پہلے5 ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ 20 ارب 648 ملین ڈالر کا ہو چکا ہے،منی بجٹ مسلط کرنے ، قوم اور ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے بجائے حکومت استعفا دے۔ گزشتہ روزایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تجارتی خسارے میں ریکارڈ اضافہ ملکی درآمدات اوربرآمدات میں عدم توازن کا واضح ثبوت ہے، تازہ اعدادوشمار بتارہے ہیں کہ ملک میں ڈالر کی آمد میں کمی ہوگئی ہے، روپے کی قدر پر دبائو بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے، ڈالر 180 عبور کرچکا ہے،مہنگائی مزید بڑھ رہی ہے،یہ ملک کے لیے اچھی خبریں نہیں،معیشت ’’ریورس گیئر‘‘ میں ہے، معیشت، صنعت، کاروبار، تجارت اور روزگار سب کا حال خراب ہے، 100 سے زاید اشیا پر 17 فیصد جی ایس ٹی کا یکساں اطلاق مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا، افراط زر یا مہنگائی زیادہ ہو تو دنیا میں جی ایس ٹی کم کیاجاتا ہے، پاکستان میں اُلٹی گنگا بہہ رہی ہے، اس حکومتی اقدام سے مہنگائی میں اضافے کے ہولناک نتائج نکلیں گے ،اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ حکومت ٹیکس کے دائرے میں اضافہ نہیں کرسکی، اس ملک میں جی ایس ٹی پہلے ہی زیادہ ہے،وہاں 17 فیصد کا اشیا ئے ضروریہ پر اطلاق سے مہنگائی مزید بڑھ جائے گی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں پہلے ہی 19.5 فیصد مہنگائی کا خود حکومت اعتراف کررہی ہے، مشیر خزانہ کبھی مہنگائی میں کمی اور کبھی اضافے کے متضاد بیانات دے رہے ہیں، کبھی کہاجاتا ہے کہ پاکستان سستا ترین ملک ہے اور کبھی ملبہ عالمی حالات پر ڈالا جاتا ہے۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو آئندہ عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی۔ذرائع نے بتایا کہ گفتگو کے دوران نواز شریف نے شہباز شریف کو پارٹی میں نئے آنے والوں کے لیے پارٹی گائیڈ لائنز دیتے ہوئے کہا کہ فصلی اور موسمی لوٹے کسی صورت قبول نہ کیے جائیں ، پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کے لیے(ن)لیگ کے دروازے بند کردیں۔نواز شریف نے کہا کہ مصیبت میں ساتھ دینے والوں کو اس بار میدان میں اتاریں،جو لوگ مجبوری میں گئے ان کے لیے نرم گوشہ رکھیں۔نواز شریف نے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے اہم رہنماؤں پر مشتمل بورڈ بنائیں ، رہنماؤں کی جو بھی سفارشات ہوں ان پرعمل کیا جائے ، جن لوگوں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ان کے حلقوں میں پارٹی کے کارکنوں کو میدان میں اتاریں