اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ معاملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کی ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن انجیلا رینر نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ستمبرمیں اپنے دورہ ء برطانیہ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ لز ٹرس اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ ان کی سود مند ملاقاتیں ہوئیں ۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے لیبر پارٹی کے اصولی موقف کو سراہا ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ توقع ہے کہ آپ انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کے معاملے کو ہاؤس آف کامنز اور دیگر متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے کا متمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اینٹی منی لانڈرنگ میکانزم اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے کیے گئے سخت قانونی اقدامات کو تسلیم کرنے کے بعد پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھنا بعید از قیاس ہے۔