کراچی(اسٹاف رپورٹر)یوم جناح آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں فائیو کور اور ڈسٹرکٹ کورنگی نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابیاں حاصل کرلیں، فائیو کور کے ہاتھوں شکست کے باوجود ڈسٹرکٹ سائوتھ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار۔ منگل کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہاکی چمپئن شپ کے 8 ویں روز کے ایچ اے سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گیے پہلے میچ میں کور فائیو نے سائوتھ کو 3-6 سے زیر کرکے پہلی کامیابی حاصل کرلی ۔ کور فائیو کے مہران نے 15 ویں اور 50 ویں منٹ، طارق الحسن نے 39ویں، زنیر سرور نے 47ویں، عامر مصور نے 50ویں اور محمد اسد نے 55 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔ ڈسٹرکٹ سائوتھ کے انس صدیقی نے 8ویں، محمد عقیل نے 58 ویں اور عبیداللہ بھٹو نے 45 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔ فاتح ٹیم کے محمد زنیر سرور کو ٹاپ سٹی مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ کورنگی نے پاکستان رینجرز کو 1-2 سے شکست دیدی،فاتح ٹیم کے میسم عباس نے 18 ویں اور خضر الیاس نے 59 ویں منٹ میں جبکہ پاکستان رینجرز کے سہیل عباس نے 40 ویں منٹ میں گول کئے۔ بہترین کھیل پیش کرنے پر ڈسٹرکٹ کورنگی کے تیمور شیخ کو ٹاپ سٹی مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ کورنگی کی جیت کے بعد پول بی سے سیمی فائنل کے لئے پول پوزیشن دلچسپ ہوگئی ہے۔