کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

117

اسلام آباد(اے پی پی)کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ کمانڈر رائل بحرین
نیول فورس کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمے داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس نے خطے میں بحری سیکورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔