اسلام آباد (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ڈی ایم کی جماعتوں پر اعتماد کااظہار کر کے عمران نیازی کی جھوٹ اور مکر کی سیاست کو مستردکردیا ہے، میں عوام کو مبارکباددینا چاہتاہوں کہ عمران نیازی نے کے پی میں پی ٹی آئی کی شکست کا نوٹس لے لیا ہے
گویا کہ اب پی ٹی آئی کی فاتحہ پڑھ لی جائے۔ پی ٹی آئی کا قصہ تمام ہو گیا ہے چونکہ عمران نیازی نے پی ٹی آئی کا نوٹس لے لیا ہے۔ ان شا اللہ ان سے نجات بہت قریب ہے۔16جنوری کو خیبرپختونخواکے عوام اس سے بھی زیادہ عبرت ناک شکست عمران خان کو دیں گے۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کو بچانے کے لیے امپائر کا کردارعوام کو دیا جائے، جس ملک میں عوام امپائر ہوتے ہیں وہاں پر حکومتیں عوام کی خدمت کرتی ہیں، جس ملک میں عوام کی جگہ کوئی اورامپائر بن جائے تو حکومتیں پھر اس کی خوشنودی کے لیے کام کرتی ہیں، عوام کی خوشنودی کے لیے کام نہیں کرتیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔