حیدرآباد،دادو کے محنت کش کا تشدد اور تذلیل کیخلاف مظاہرہ

50

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دادو کے گوٹھ دوست محمد ابڑو میں بااثر افراد کی جانب سے تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنانے اور انصاف نہ ملنے کے خلاف محنت کش نصیر سولنگی نے اہلیہ مسماۃ فرزانہ اور معصوم بچوں کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ نصیر سولنگی نے کہاکہ 6 ماہ قبل علاقے کے بااثر افراد کریم بخش، خدا بخش عرف گڈو ماچھی اکھ بخش، حمید ودیگر نے مجھے اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور بھرے بازار میں غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے میری تذلیل کی۔ واقعے کی رپورٹ اے سیکشن تھانے میں داخل کرائی لیکن پولیس ملزمان سے رشوت لے کر کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملزمان خطرناک ہیں غریبوں کی ملکیت پر قبضہ کرنے کے لیے ظلم کرتے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی دادو سے اپیل کی کہ میرے اوپر ظلم کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور انصاف وتحفظ فراہم کیاجائے۔