افغانستان کیلئے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے،شاہ محمود قریشی

253

اسلام آباد(اے پی پی/صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 20 وزرا خارجہ اور 10 نائب وزرا خارجہ کی او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے‘437وفود پاکستان میں منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں شریک ہو ئے۔پیر کو او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے اور افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے،یہ بہت بڑی پیشرفت ہے ‘ پاکستان
اورسعودی عرب نے ملکر کردار ادا کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ طالبان کا نہیں،مسئلہ 38ملین افغان عوام کا ہے،افغان عوام بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں‘افغانستان کو ادویات،خوراک کی فوری ضرورت ہے‘تنخواہ دینے کے پیسے ہوں گے تو اسکولز بھی چلیں گے،اتنے ممالک کے نمائندگان کا پاکستان آنا بہت بڑی پیشرفت ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان اگلے سال مارچ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے47 ویں اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے‘ بہترین سفارت کاری کے لیے معاشی خود انحصاری بہت اہمیت کی حامل ہے ‘ہماری متحرک اور فعال خارجہ پالیسی کے باعث آج پاکستان عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔