سندھ پانی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم ہے، حسین محنتی

216

بدین(نامہ نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں، انہوں نے سابق امیر ضلع پیر سید علی احمد شاہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران تحصیل تلہار کے وصی عادل موڑ سے لے کر ڈندوشہید تک 7کلومیٹر راستے کی انتہائی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کو جلد تعمیر کرکے عوام کو دہرے عذاب سے نجات دلائی جائے۔ وفد نے صوبائی امیر کو بتایا کہ اس راستے کا گزشتہ 5 سال سے کوئی کام نہیں ہوا ہے
جس کی وجہ سے جگہ جگہ بڑے گڑھے بن گئے ہیں اس راستے سے روزانہ ہزاروں لوگوں کا گزر ہوتا ہے خاص طور پرتلہار شہر جانے والے اسکول کے بچے، مریض اور خواتین کو سخت دشواری کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ 70ء سے سندھ پر برسراقتدار پیپلزپارٹی نے نہ صرف تلہارنہیں بلکہ پورے سندھ کو کھنڈر بنادیا ہے۔ لوگ صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں، صوبائی امیر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، مقامی ایم این اے ، ایم پی اے پر زور دیا کہ وہ وصی عادل موڑ سے ڈندو شہید تک روڈ کی تعمیر کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔