ملائیشیا کے اینگ آین پو نے ایشین اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

302
اسلام آباد:مہمانِ خصوصی ایئر مارشل عامر مسعو د ملائیشیا کے اینگ این یوایشین اسکواش ٹرافی دیتے ہوئے

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام مردوں اور خواتین کی 21ویں ایشین انڈیویجوئل اسکواش چیمپئن شپ گزشتہ رز مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام کو پہنچ گئی۔ ٹورنامنٹ میں مردانہ مقابلوں میں 32 کھلاڑیوں جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 16 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ پاکستان سمیت ہانگ کانگ، ایران، کویت، ملائیشیا، قطر، سنگاپور اور سری لنکا کے بین الاقوامی کھلاڑی، آفیشلز اور ریفریز کے ایک گروپ نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے فائنل گزشتہ روزکھیلے گئے۔ ایئر مارشل عامر مسعود ، سینئر نائب صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن، اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ اسکواش لیجنڈ قمر زمان اور جان شیر خان نے تقریب کے اسپانسرز کے ساتھ انعامات کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔خواتین کا فائنل ہانگ کانگ کی تونگ سوز ونگ (Tong Tsz Wing) اور ملائیشیا کی ریچل مے آرنلڈ (Rachel Mae Arnold) کے درمیان کھیلا گیا جس میں تونگ سوز ونگ (Tong Tsz Wing) نے مدِمقابل کھلاڑی ریچل مے آرنلڈ (Rachel Mae Arnold) کو 34 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 11-8,13-11 اور 5-11 کے 3-0گیم اسکور کے ساتھ شکست دی۔ جبکہ مردوں کا فائنل ملائیشیا کے اینگ آین یو (Ng Eain Yow) اور ہانگ کانگ کے یپ سوز فونگ (Yip Tsz Fung) کے درمیان کھیلا گیا جس میں اینگ آین یو (Ng Eain Yow) نے مدِمقابل کھلاڑی کو 40 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 6 -11، 11-13 اور 9-11 کے3-0گیم سکور کے ساتھ شکست دیکر چیمپئن شپ کا فائنل جیت لیا۔ ایونٹس کی کامیاب میزبانی کے ساتھ توقع ہے کہ دنیا سے بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرے گی۔