اسلام آباد: مسلم لیگ( ن )کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو خرچے کے پیسے مافیا دیتا ہے اور حکومتی کیسز پر نیب کی آنکھیں بند ہیں کیونکہ ملک میں نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، عمران خان کے دل و دماغ میں سیاسی انتقام کی آگ بجھ ہی نہیں رہی اور عمران خان نے ملک کو دیوالیہ بنا دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ وہ آج بھی کنٹینر پر کھڑے ہیں، ملک میں وزرائے خارجہ اور وفود آرہے تھے اور یہ شریف فیملی پر بات کر رہے تھے جبکہ انہوں نے اپنے گزشتہ روز انٹرویو میں بھی یہی کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی، فارن فنڈنگ کیس، بی آر ٹی منصوبہ پر ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی جبکہ چینی، آٹا، مہنگائی اسکینڈل پر بھی کسی نے 3 سالوں میں کچھ نہیں بولا، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے، جس کے اپنے لوگ اس کی کرپشن پر بات کرتے ہوں وہ کرپشن پر کیا لیکچر دے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں آٹے بجلی کی چوری اور کورونا فنڈز تک کوعمران خان نے نہیں چھوڑا،وزیر اعظم کے اپنے لوگ کہتے ہیں جہانگیر ترین نے 30 سے 35 لاکھ روپے کچن کے لیے دیے، عمران خان نے ایکسپورٹ کا کوٹہ اپنے ساتھیوں کو دے کر چوری کی۔