ن لیگ کی 2 جرنیلوں کے ساتھ ڈیل ہو گئی ہے، اعتزاز احسن

209

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئرقانوان اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی دو جرنیلوں سے ڈیل ہوگئی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں شائستہ زبان والا کوئی رہ گیا تھا تو وہ شاہد خاقان عباسی تھے لیکن انہوں نے بھی بیان دے دیا ہے،تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ان پر دباؤ بہت زیادہ ہے۔شاہد خاقان پر اندرونی دباؤ بھی ہے اور باہر بیٹھے قائدین کا دباؤ بھی ہے۔اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ اب سے ہی بحث شروع ہو گئی ہے کہ ن لیگ سے وزیراعظم کا امیدوار کون ہوگا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کی ڈیل ہوگئی ہے،اینکر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کس کے ساتھ ڈیل ہوئی ہے ،جس پر انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جن دو جرنیلوں کا نام نہیں لیتے ان سے ہی ڈیل ہوئی ہے۔ہم سے ڈیل کو چھپا کر رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگ بھی ہیں جو رات کو برقع پہن کے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔کہتے تھے کہ اب کسی سے بات نہیں ہو گی لیکن پھر محمد زبیر کے ذریعے سفارت کاری کرتے رہتے ہیں۔میرے خیال میں ان کا ہر وقت آپس میں رابطہ رہتا ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ن لیگ نے پی ٹی آئی کی حکومت کو بہت سہولتیں دیں۔حکمران طبقات کو انہوں نے ضمانتیں دیں کہ ہم کچھ نہیں کریں گے۔یہ اداروں کے خلاف بیانات دیتے رہے،ان کے لوگ دن میں کہتے ہیں کہ بات نہیں ہو رہی اور رات میں پھر بات کرنے چلے جاتے تھے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ کسی بھی اہم موقع پر پیچھے ہٹ جانا نون لیگ کا طریقہ رہا ہے۔