معیشت تباہ، ملک بحران کاشکار، وزیراعظم کو پروا نہیں، مریم اورنگزیب

137

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گیس کا بحران ہے، معیشت تباہ ہے، بے روزگاری کا طوفان ہے لیکن آپ کوپروا نہیں،عمران صاحب الزام دہرانے سے وہ سچ ثابت نہیں ہوتے، ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل آپ کو کرپشن کا انٹر نیشنل سرٹیفکیٹ دے چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا عمران صاحب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے آپ کی حکومت کو چور قرار دیا ہے، آپ کی حکومت میں پاکستان کرپشن میں 111 سے 124 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ عمران صاحب 22 سال سے آپ الزام لگا رہے ہیں، 4 سال سے حکومت میں ہیں لیکن ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا، آپ شریف خاندان کے حسد میں مبتلا ہیں، کاش آپ نے یہ وقت قوم کی خدمت پر صرف کیا ہوتا، ہمیں معلوم ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ آپ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اور بھی الزامات لگائیں گے۔