کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ترجمان سول ہسپتال ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق جاں حق شخص اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال لایا گیا ہے۔محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان سمیت کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیے ہیں اور علاقے کو مکمل طور پر آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے اور ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور امن کے دشمنوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا، عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔خیال رہے کہ کوئٹہ میں 18 اکتوبر کو سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔