قربانی دینے والے پولیس اہلکاروں کو خصوصی ایوارڈ دینگے، شیخ رشید

405

راولپنڈی (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے قربانی دینے والے وفاقی پولیس کے بہادر پولیس اہلکاروں اور افسران کو خصوصی ایوارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کانفرنس کے بعد اسلام آباد کے لیے نیا سیکورٹی پلان وضع کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس کو 7 گاڑیوں کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس مزید 16 جدید ترین سیکورٹی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال راولپنڈی میں اسلام آباد میں ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کے دوران کیا۔ وزیر داخلہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جڑواں شہروں کے محکمہ پولیس کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، او آئی سی کی وزرائے خارجہ کانفرنس کے بعد بہادر پولیس اہلکاروں کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔ او آئی سی کی کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر پاکستان میں 41 سال بعد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہو رہا ہیجس میں تقریباً 450 غیر ملکی وفود شرکت کیلیے آ رہے ہیں۔