کراچی (سید وزیر علی قادری ) بھٹائی رینجرز سندھ 72 ونگ کے اشتراک اور ٹاپ سٹی ون کے تعاون سے ہونے ٹورنامنٹ کے5ویں روز کھیلے جانے والے پہلے لیگ میچ میں ڈسٹرکٹ سائوتھ نے اندرون سندھ کو باآسانی 1-7 سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کے محمد عقیل مخالف ٹیم کے لیے ون مین آرمی ثابت ہوئے، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-3 کی برتری حاصل تھی، ڈسٹرکٹ سائوتھ کے محمد عقیل مخالف ٹیم کے دفاعی حکمت عملی کو پاش پاش کردیا، انہوں نے کی کھیل کے 44، 54, 56,اور 58 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دیکھا کر ہیٹ ٹر ک کرنے کے ساتھ اب تک ٹورنامنٹ کے کسی ایک میچ میں انفرادی طورپر 4 گول کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا، دیگر کھلاڑیوں میں انس صدیقی نے 25 ویں اور 29 ویں منٹ میں جبکہ محمد آصف نے نویں منٹ میں گول کرکے برتری کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا، اندرون سندھ کی جانب سے واحد گول فضل خان نے کھیل کے 47 ویں منٹ میں کیا۔شاندار ریکارڈ اپنے نام کرنے پر محمد عقیل کو ٹاپ سٹی ون مین اف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ سے نوازا گیا، اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن ناصر علی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کے لئے پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ ٹاپ سٹی ون کے سی ای او کنور معیز خان کا بہترین اقدام ہے۔کیش ایوارڈ کے باعث کھلاڑیوں میں مقابلے کا رجحان بڑھ رہا ہے، ڈومیسٹک مقابلوں میں ایک خلاء نظر آتا تھا تاہم کے ایچ اے کافی حد تک ٹاپ سٹی ون کی انتظامیہ خاص کر چیف ایگزیکٹیو آفیسر کنور معیز خان کی مثبت حکمت عملی کے باعث اس خلاء کو پر کرنے میں میں کامیاب رہی ہے، دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ ملیر نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو سخت مقابلے کے بعد 0-2 سے زیر کیا، بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر فاتح ٹیم کے عبداللہ شیخ ٹاپ سٹی ون مین اف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔