ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر شکر گزار ہیں، شاہ محمود قریشی

311

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں، ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف لائی ہوئی بوسنیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکووچ نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچی تو وزیر خارجہ نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیابعد ازاں بوسنیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکووچ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور بوسنیا کے درمیان گہرے مراسم موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بوسنیا کے درمیان مشترکہ اقتصادی و تجارتی کمیشن کے اجلاسوں کے باقاعدہ انعقاد پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے طے شدہ معاہدے کے تحت طلباء ، اساتذہ اور محققین کا تبادلہ سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے، چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں، ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔بوسنیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکووچ نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔