اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام خواتین کے حقوق کی پاسداری اور ان کے تحفظ کا درس دیتا ہے ,ہماری حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے بہت ٹھوس اقدام اٹھائے ہیں اور اس حوالے سے حال ہی میں بہت سے نئے قوانین متعارف کروائے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق خواتین پارلیمینٹیرینز نے وزارتِ خارجہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی کے ساتھ ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے انڈونیشین ہم منصب کیساتھ پاکستانی پارلیمینٹیرینز کا تعارف کروایا ۔دوران ملاقات انڈونیشیا، افغانستان اور پاکستان کی خواتین پر مشتمل گروپ کے قیام کی تجویز دی گئی جسے فریقین نے سراہا۔
انڈونیشین وزیر خارجہ نے کہا انڈونیشیا میں خواتین کے حوالے سے الگ وزارت موجود ہے، انڈونیشیا میں خواتین بہت سے اہم عہدوں پر فائز ہیں ہماری پارلیمنٹ کی اسپیکر بھی ایک خاتون ہیں، ریتنو مرسودی کا کہناتھا پاکستان، میں خواتین پارلیمینٹیرینز سے مل کر خوشی ہوئی۔انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے پاکستانی پارلیمینٹیرینز کے ساتھ مل کر خواتین کے حقوق کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔ ریتنو مرسودی سے ملاقات کرنے والی خواتین پارلیمینٹیرینز میں پارلیمانی سیکرٹری خارجہ عندلیب عباس، پارلیمانی سیکرٹری قانون ملیکہ بخاری، سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، ممبران قومی اسمبلی کنول شوذب، عالیہ حمزہ، صائمہ ندیم، تاشفین صفدر اور نورین فاروق شامل تھیں۔