چین اور روس علاقائی و عالمی سکیورٹی کے لیے خدمات سرانجام دیں گے ،چینی وزارت خارجہ

372

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ چین اور روس دونوں ممالک کے صدور کے اتفاق رائے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خطے اور دنیا کی مشترکہ سلامتی کے لیے مثبت خدمات سرانجام دیں گے۔پندرہ دسمبر کو چینی صدر شی جن پھنگ نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ورچوئل ملاقات کرتے ہوئے علاقائی سکیورٹی کے تحفظ سمیت دیگر اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور اہم اتفاق رائے کا حصول ہوا۔ وانگ وین بین نے کہا کہ چین کا ماننا ہے کہ سنگین وبا اور ایک صدی میں آنے والی سب سے بڑی تبدیلیوں کے پیش نظر ، چین اور روس پر سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کی حیثیت سے علاقائی امن و امان کے تحفظ اور مختلف ممالک کی ترقی کے فروغ میں اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ دارانہ رویے سے امن کی حامی تمام قوتوں کے ساتھ مل کر پائیدار علاقائی و عالمی سکیورٹی ،عمومی سکیورٹی اور مشترکہ سیکورٹی کے لیے مثبت خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔