شیر اور تیر کا دور ختم ہو گیا اب ترازو پر انصاف ہوگا، سراج الحق

798

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اعصابی طور پر شکست کھا چکی۔ بلے، شیر اور تیر کا دور ختم ہو گیا اب ترازو پر انصاف ہوگا، کے پی کے عوام تیار رہیں، جس پولنگ سٹیشن پر دھاندلی ہو گی وہیں دھرنا دیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ  19دسمبر کو صوبے کے عوام ترازو پر مہر لگا کر حکومتی مظالم کا بدلہ لیں گے اتوارکا دن پی ٹی آئی کا صوبے میں الوداع کا دن ہوگا، حکمران کہتے ہیں کہ پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں اضافہ کی وجہ سے بڑھتی ہیں،بتایا جائے کہ آٹا، چینی، گھی، گیس تو مقامی پیداوار ہیں، ان کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ابھی تک اسلامی نظام قائم نہیں ہوا۔ کرپشن کی وجہ سے ملک میں برکت ختم ہو گئی۔ بجلی اور گیس کے جعلی فراڈ بلز عوام کو بھیجے جاتے ہیں۔ 22کروڑ لوگ اپنے ہی گھروںمیں حکمرانوں کے کرائے دار بن کر رہ گئے۔ ہر دن ایک نیا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی  پاکستان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جھوٹ نہیں بولوں گا اب انھوں نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دے دیا۔ قوم سانپوں کو مزید دودھ نہ پلائے یہ اژدھے بن کر عوام کو کھا جائیں گے۔ ملک کے فیصلے امریکہ میں ہوتے ہیں ،ہمارے حکمران انھیں لاگو کرتے ہیں۔ برس ہا برس سے حکومتیں بیرونی ایجنڈے پر چل رہی ہیں۔ جو حکمران ساڑھے تین برسوں میں ملک میں بہتری نہ لاسکے وہ ڈیڑھ برس میں کیا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ  پی ٹی آئی، ن لیگ، پی پی کی حکومتیں ایک جیسی، ناکام اور نااہل ثابت ہوئیں۔ آزمائے ہوئے حکمران پھر قوم سے ”موقع“ مانگ رہے ہیں۔ ان حکمرانوں کی وجہ سے کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ یہ وہی اشرافیہ ہے جو پاکستان کو دولخت کرنے کا سبب بنی۔