اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے مسلم لیگ(ن) کے رہنما اسحاق ڈار کی سینیٹ کیلیے اہلیت سے متعلق کیس کی سماعت اسحاق ڈار کے وکیل سلمان اسلم بٹ کی درخواست پر آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔ جمعرات کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیے کہ اسحاق ڈار نے 2018ء سے اب تک حلف نہیں اٹھایا، نئے آرڈیننس کے بعد رکن پارلیمان 60 روز میں حلف نہ اٹھائے تو سیٹ خالی قرار
پائے گی، آرڈیننس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آرڈیننس کے خلاف درخواست کو مسترد کردیا، درخواست مسترد ہونے کے بعد معاملہ انٹرا کورٹ اپیل میں زیر التواء ہے، عدالت عظمیٰ کے بلانے پر اسحاق ڈار تسلسل سے غیر حاضر رہے، اسحاق ڈار نے نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی، عدالت سے استدعا ہے کہ نئے آرڈیننس آنے کے بعد اسحاق ڈار کی سیٹ خالی قرار دی جائے۔ اس دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آج تو اسحاق ڈار کے وکیل نہیں ہیں، اسحاق ڈار کے وکیل سلیمان اسلم بٹ نے التوا کی درخواست کی ہے، آئندہ ہفتے کیس پر سماعت ہو گی۔