منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

456

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی بینکنگ عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے حوالے سے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں4 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے کیس کے حوالے سے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق بحث کے لیے وکلا کو24دسمبر کو طلب کر لیا۔ بینکنگ عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے کیس کی سماعت کی۔جمعرات کو شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر توسیع کے لیے پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کیا کہ یہ کیس بینکنگ عدالت کے دائرہ اختیار
میں نہیں آتا۔جس پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ عدالت2 ملزمان کی ضمانت بھی کنفرم کر چکی ہے اور دیگر ملزمان نے بھی اسی عدالت سے ضمانت کے لیے رجوع کیا ہے۔عدالت نے فریقین کے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی دائرہ اختیار پر تیاری کرکے24دسمبر کو بحث کے لیے پیش ہوں۔عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں4 جنوری تک توسیع کردی اور فریقین کے وکلا کو عدالتی دائرہ اختیار پر بحث کے لیے24دسمبر کو طلب کرلیا۔عدالت کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کی ہے جس میں ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ الزامات میں نیب کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے نے تفتیش شروع کر دی۔ایف آئی اے کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں عبوری ضمانت منظور کی جائے۔