مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکام نے حماس کی قید میں موجود صہیونی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہاتھ پیر مارنا شروع کردیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق قیدیوں کے اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے فوجی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے ساتھ موجودہ پرامن دور سے فائدہ اٹھائیں اورقیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کو تیزی سے مکمل کریں۔ دوسری جانب حماس کے سیاسی شعبے کے نائب شیخ صالح عاروری نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کے ہاں قید کیے گئے دشمن کے فوجیوں کو مفت میں رہا نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی رہائی کے بدلے میں فلسطینی قیدیوں کو رہا کرایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کسی باعزت معاہدے کے نتیجے میں ہوگی اور اس سلسلے میں ہم کسی طرح کا دباؤ برداشت نہیں کریں گے۔ حماس کے چونتیسویںیوم تاسیس پراپنے بیان میں عاروری نے ملک بھر کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔