کراچی (اسٹاف رپورٹر)یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی ون انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں مزید 2 میچز کے فیصلے ہوگئے،کور فائیو اور اندرون سندھ کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ نے پاکستان رینجرز کو 2-4 سے شکست دیدی،دونوں میچ کے بہترین کھلاڑیوں کو ٹاپ سٹی ون مین آف دی میچ فی کس پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ سے نوازا گیا، قومی کھیل کے فروغ کے لئے ٹاپ سٹی ون کی طرح دیگر پرائیوٹ ادارے بھی قومی جذبے کے ساتھ آگے آئیں، اولمپیئن حنیف خان کی بات چیت ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں بھٹائی رینجرز سندھ 72 ونگ کے اشتراک اور آفیشل اسپانسر ٹاپ سٹی ون کے تعاون سے جاری یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز کور فائف اور اندورن سندھ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی بھر پور کوشش کی تاہم بہتر حکمت عملی اور مضبوط دفاع کے باعث مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی، اندورن سندھ کے فیاض احمد کو بہترین کھیل پر ٹاپ سٹی کی جانب سے مین آف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا گیا،۔ دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ ویسٹ نے پاکستان رینجرز کو 2-4 سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے پیش قدمی جاری رکھی، پہلے ہاف کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ویسٹ کو 1-2 سے برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم نے مزید دو گول کرکے اپنی برتری مستحکم کرلی، فاتح ٹیم کے خضر اختر، عبدالوہاب، ریان الرحمٰن اور سلطان محمود نے بالترتیب 11ویں، 29ویں 33ویں اور 36 ویں منٹ میں گول کرکے کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا، پاکستان رینجرز کے غلام فرید نے 7ویں اور شہباز نے 59 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔ڈسٹرکٹ ویسٹ کے عبدالوہاب میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،۔ ونگ کمانڈر 72 ونگ بھٹائی رینجرز سندھ لیفٹینٹ کرنل مصور عباس نے اولمپیئنز حنیف خان، ناصر علی، انٹرنیشنل عارف بھوپالی اور حیدر حسین کے ہمرہ عبدالوہاب کو ٹاپ سٹی ون مین اف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ سے نوازا، اس موقع پر حنیف خان کا کہنا تھا کہ یوم جناح کے موقع پر ٹاپ سٹی ون کا ہاکی کے فروغ کے لیے آگے آنا احسن اقدام ہے، پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون کے بغیر ہاکی کی بحالی ممکن نہیں، ٹاپ سٹی ون کی طرح دیگر ادارے بھی قومی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔