کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق صدرمملکت، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ریاست کو معصوم انسانوں کے قاتلوں کی معافی کا اختیارنہیں۔سانحہ اے پی ایس کے7سال مکمل ہوجانے پر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاست کو یہ حق نہیں کہ وہ معصوم انسانوں کے قاتلوں کو معاف کرے،سانحہ اے پی ایس کے قاتلوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے،جب تک سانحہ کے مجرموں کو سزا نہیں دی جاتی قوم معصوم شہیدوں کی مقروض رہے گی، یہ ایک ایسا زخم ہے جس سے آج بھی خون ٹپک رہا ہے۔آصف زرداری نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کو نیست و نابود کرنے کا عہد تھا، افسوس قوم سے کیے ہوئے عہد پر من و عن عمل نہیں ہوا ،ریاست کویہ حق نہیں کہ وہ معصوم انسانوں کے قاتلوں کومعاف کرے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں سے مذاکرات
ریاست کو کمزور اور شرمندہ کرنے کے مترادف ہیں، فوج کے بہادر بیٹوں کو سلام جنہوں نے دھرتی کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا،پولیس اور سیکورٹی اداروں کے بہادر افسران کو بھی سلام ہے۔سابق صدرمملکت نے کہاکہ دہشت گرد کسی طور بھی معافی کے مستحق نہیں ہیں، موقع ملا تو دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے گی، وطن سے دہشت گردوں کا ایسے صفایا کیا جائے گا جیسے سوات میں کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں بلاول زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں طلبہ اور اساتذہ کا قتل عام کرنے والے منصوبہ سازوں و سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔سانحہ اے پی ایس کے 7 سال مکمل ہوجانے پر بلاول زرداری نے سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے کہاکہ قوم آج تک سانحہ آرمی پبلک اسکول کے عظیم سانحے کے درد سے نہیں نکلی اور عوام معصوم روحوں سے انصاف کے منتظر ہیں ،میری پارٹی اور خاندان دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنی صدا بلند کرتا رہوں گا ۔ بلاول زرداری نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے سلیکٹڈ نفاذ کو ترک کرکے اسے مکمل طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔