عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے، معیشت تباہ ہوچکی،حمزہ شہباز

294

 

لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگی رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 3 سال سے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے، معیشت تباہ ہوچکی، مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا، پیٹرول کی قیمت کم کر کے سیلز ٹیکس بڑھا دیا گیا، عمران خان نے قوم کے ساتھ کھلواڑ کیا، جھوٹے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔ حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک کلو چینی کے لیے لوگوں کو لائنوں میں لگنے پر مجبور کر دیا گیا، معاشی ماہرین کہہ رہے ہیں پاکستان دیوالیہ ہوچکا، آج یوریا کھاد کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، آج مریضوں کے پاس دوا خریدنے کے پیسے نہیں ہیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں گیس صبح، دوپہر، شام آئے گی، کیا قوم بھکاری ہے ؟ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے والے ملک میں کیا کر رہے ہیں ؟ پی ٹی آئی حکومت کا چوتھا سال ہے، کہاں ہیں 50 لاکھ گھر ؟ عمران نیازی کو بنی گالہ میں بیٹھ کر غریب کے دکھ نظر نہیں آتے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوںنے کہاانہوںنے کہاکہ تمام مافیاز کے سربراہ روزانہ عمران خان کے ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں ،عمران خان نے اقتدار میں آ کر ڈھونگ رچایا ہوا ہے ، حمزہ شہباز نے کہا کہ آج عوام کی آنکھوں میں خون ہے ، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ہم نے ضرب عضب سے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا۔