ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین چیمپینز ٹرافی میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہونگے۔

274

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) مشترکہ دفاعی چیمپین ایشین چیمپینز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں رابن راؤنڈ میچز کے سلسلہ میں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کا سامنا کرینگے۔ ایشین چیمپینز ٹرافی میں سب سے زیادہ مرتبہ چیمپین ہونے کا اعزاز بھی پاکستان اور بھارت کے پاس ہے۔ 2011 میں چین میں منعقد ہونے والی پہلی ایشین چیمپینز ٹرافی میں بھارت فاتح رہا جبکہ 2012 مییںدوھا،قطر میں پاکستان ایشین چیمپینز ٹرافی کا فاتح ہوا،2013 میں جاپان میں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے ایشین چیمپینز ٹرافی اپنے نام کی جبکہ 2016 میں ملائشیا میں بھارت ایک مرتبہ پھر ایشین چیمپینز ٹرافی ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ 2018 میں اومان میں منعقد ہونے والی ایشین چیمپینز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت اس وقت مشترکہ چیمپین قرار پائے جب فائنل میں شدید موسم اور موسلادھار بارش نے آسٹروٹرف کو بھی کھیل کے قابل نہ رہنے دیا۔ ایشین چیمپینز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں جو 14 تا 22 دسمبر بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں کھیلی جارہی ہے، روائتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق 2:30 بجے دوپہر کھیلا جائیگا۔ عالمی رینکنگ میں بھارتی ہاکی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان عالمی رینکنگ میں 18ویں نمبر پر موجود ہے۔

روائتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شائقین ہاکی کے لئے خاصا دلچسپ اور پرجوش ہوگا۔ پاکستان ہاکی ٹیم جو سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج سے تیار کی گئی ہے اس میں پرجوش اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔ پاکستان کے کپتان اولمپین عمر بھٹہ سمیت تجربہ کار گول کیپر مظہر عباس، دفاعی کھلاڑی مبشر علی، عماد شکیل بٹ جو کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ینگ ایمرجنگ کھلاڑی بھی قرار دیئے جاچکے ہیں، حصہ لے رہے ہیں۔ اسٹرائیکرز میں جونیئر عالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کےکپتان رانا وحید بھی اس میچ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرینگے۔پاکستان ہاکی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں محمد عبداللہ، عقیل احمد، افراز، احمد ندیم اور سلمان رزاق کو پہلی مرتبہ قومی سینئر ہاکی ٹیم میں شمولیت کا موقع ملا ہے۔ دوسری جانب بھارتی اسکواڈ کہنہ مشق کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔