ہم جاپان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آرمی چیف

427

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر وادا مٹسوہیرو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال بالخصوص انسانی امداد میں تعاون اورشراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں جاپان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

آرمی چیف نے انسانی بحران کو کو روکنے کے لیے افغانستان کو انسانی امداد پہنچانے کے لیے فوری طور پر ایک ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

 آرمی چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے ضروری ہے اور پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔

جاپانی سفیر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کے لئے خصوصی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔