زراعت کی بہتری کیلیے چینی حکام سے رابطہ کیا ہے، فخر امام

132

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق فخر امام نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضوں سے نجات تب ہی مل سکتی ہے کہ جب ہم اپنی فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھائیں گے،پاکستان کا مستقبل وہی ہو جو ہم اور ہمارے سائنسدان ملکر بنائیں گے، زراعت کی بہتری کے لیے چین اور پاکستان کے سائنسدانوں کے ملکر کام کرنے کے لیے چینی حکام سے بات کی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر اسلام آباد میں نیکسٹ جنریشن ڈی این اے سیکوینسنگ لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر فخر امام نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے ، آج پاکستان کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے سفیر سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا آپ کو کس چیز کی ضرورت ہے جس پر میں نے کہا کہ آپ سو ٹاپ کے سائنسدان پاکستان بھیجیں جو ہمارے سائنس دانوں کو ٹریننگ دیں انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا راستہ نکالنا ہو گا جس سے ملک ترقی کرے ، ہماری 5 بڑی فصلیں ہیں چاول،گنا،کپاس،گندم اور مکی شامل ہیں ہم نے گندم کی پیداوار اچھی حاصل کی ہے لیکن ہم وہ پیداوار حاصل نہیں کر سکے جو ہمیں کرنی چاہیے ،ہم خوردنی تیل تین ارب کا امپورٹ کر رہے ہیں،نیدرلینڈ 14 ارب کے پھول ایکسپورٹ کرتا ہے ہم کیوں نہیں کر سکتے ۔