ٹھٹھہ ،ہیلتھ و ریوینیو ملازمین کا احتجاج ،ڈی سی کو ہٹانے کا مطالبہ

196

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)ٹھٹھہ کے محکمہ ہیلتھ اور محکمہ ریونیو میں کشیدگی پیرامیڈیکل اسٹاف کی جانب سے ڈی سی ٹھٹھہ اور اے ڈی سی ٹھٹھہ کے خلاف ریلی اور دھرنا دیا گیا جبکہ ریونیو ملازمین محکمہ ہیلتھ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ٹھٹھہ میں محکمہ صحت اور محکمہ ریونیو میں کورونا ویکسینیشن کے مسئلے پر اختلاف سامنے آ گئے ڈی سی ٹھٹھہ کے حکم پر اے ڈی سی ون کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کو مبینہ طور پر کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے پرفارمینس بہتر نہ ہونے پر شوکاز لیٹر جاری کرنے پر محکمہ ہیلتھ ڈی سی ٹھٹھہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن پیرامیڈیکل اسٹاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی ڈاکٹرز اور دوسرے اسٹاف نے کام چھوڑ ہڑتال کرکے محکمہ ریونیو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے سخت نعرے بازی کی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کریم بھاند اشرف خشک معشوق پنھور بچل پنھور ڈاکٹر شیام کمار ڈاکٹر محمود اور دیگر نے کہا کہ ڈی سی ٹھٹھہ کے حکم پر اے ڈی سی ون کی جانب سے ڈی ایچ او کو دیاگیا شوکاز لیٹر واپس نہیں لیا گیا تو بہت سخت احتجاج ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک 18 گریڈ کا آفیسر 20 گریڈ کے آفیسر پر نوٹس نکال رہا ہے جو سراسر غلط ہے محکمہ ہیلتھ دن رات ایک کرکے اپنی اور اپنے فیملی کو رسک میں ڈالتے ہوئے کام رہا ہے تمام متعلقہ ڈاکٹرز نرسز اور دیگر اسٹاف ایمانداری سے کام سر انجام دے رہے ہیں اس کے باوجود ریونیو انتظامیہ کی جانب سے ڈی ایچ او کو شوکاز نکالنا اور کارکردگی سے مطمئن نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ دوسری جانب آل ریونیو سندھ ایمپلائز یونین کی جانب سے مبینہ طور پر محکمہ ہیلتھ کی بلیک میلنگ کے خلاف اور ڈی سی ٹھٹھہ کے حق میں بھی احتجاج کیاگیا ریونیو ملازمین ستار میمن، فہد ببر، ندیم میمن عزیز میمن ریاض شاہ اور دیگر نے ڈی سی دفترسے ڈی سی چوک تک احتجاجی مظاہرہ کرکے محکمہ ہیلتھ کے خلاف نعرے بازی کی اور ڈی سی آفس سمیت تمام ریونیو دفاتر کو تالے لگا دیے، دونوں فریقین کے احتجاج سے گھمبیر صورتحال ہوگئی مقامی صحافیوں نے دونوں فریقین میں بیچ بچاؤ کرایا۔ ریونیو ملازمین کا کہنا ہے کہ ضلع کے ایگزیکٹو آفیسر ہونے کے ناطے ڈی سی ٹھٹھہ کی جانب سے کورونا ویکسینیشن کی صورتحال پر لیٹر جاری کرنا کوئی غیر قانونی عمل نہیں ہے محکمہ ہیلتھ بلیک میلنگ سے باز آئے۔