کوئی ہمیں انتہا پسندی کی طرف نہیں لے جاسکتا‘ شیخ رشید

149

راولپنڈی(صباح نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے باوجود کوئی ہمیں انتہاپسندی کی طرف نہیں لے جاسکتا،سیالکوٹ واقعہ سے ہمارے ملک کو بہت بڑی بدنامی ملی ہے، ہم دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے 74,75سال میں ایسا لمحہ کبھی نہیں آیا کہ دنیا میں ہمیں ایک انتہا پسند قوم کی صورت میں دیکھا جا رہا ہے۔راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے مسیح برادری کو کرسمس اور نئے سال کے حوالے سے مبارکباد دی اور کہا کہ مسیح برادری محنتی اور جفاکش قوم ہے پاکستان کے لیے ان کی خدمات سے سب
سے زیادہ ہیں،مسیح برادری اپنا تہوار بھر پور جوش اور جذبے کے ساتھ منا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسیح برادری محنتی اور جفاکش قوم ہے پاکستان کے لیے ان کی خدمات سے سب سے زیادہ ہیں،مسیحوں نے ہمارے ملک کی خوبصورتی کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں اس کا صلہ آپ کو خداوند ہی دے سکتا ہے ہم نہیں دے سکتے،عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا مانگو گے تو دیا جائے گا کھٹکھٹاؤ گے توکھولا جائے گا۔مسیح بہن بھائی اپنی خوشیاں جوش و خروش سے منائیں ہر مسیح ہی سمجھے کہ وہ خود وزیر داخلہ ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر ہمارے دل میں محبت اور خلوص نہیں ہوگاتو پھر ہماری زندگی بے کار ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے غربت کے باوجود میں نے اپنی زندگی میں کسی مسیح کو بھیک مانگتے ہوئے نہیں دیکھا ہے ۔