لندن(صباح نیوز)ن لیگی نائب صدر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان ہائوس تبدیلی کے امکان کو رد کردیا۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اس وقت کوئی بھی حکومت لینے کے لیے تیار نہیں ہے، جو بھی اس وقت حکومت لے گا وہ موجودہ حکومت کی سوا3 سال کی مس گورننس کا سارا ملبہ اپنے اوپر ڈال لے گا۔ آزادانہ اورشفاف انتخابات ہی مسئلے کا واحد حل ہیں۔ ان خیالات کااظہارسردار ایاز صادق نے لندن میں نجی ٹی وی کوانٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی حکومت نہیںلے گا، ہمارے پاس ایک ہی حل ہے جو صاف اورشفاف انتخابات ہیں۔ ایک سوال پر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میں 2022ء کو انتخابات کا سال نہیں کہتا تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کی مشکلات بڑھتی رہیں گی۔