چینی و روسی صدور کی ورچوئل ملاقات،باہمی تعاون میں اضافے پر اتفاق

262

چین اور روس عالمی ترقی کیلئے باہمی تعاون میں اضافہ پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ اتفاق رائے گزشتہ روز ہونے والی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی ہم منصب ولادیمیرپیوٹن کے درمیان ہونے والی ورچوئل ملاقات کے دوران کیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز دونوں سربراہان کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی ہے۔ اس موقع پر علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے اگلے برس فروری میں بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کے افتتاح کے موقع پر ملاقات کا بھی وعدہ کیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین عالمی نظم و نسق کوبہتر بنانے کیلئے روس کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ اسپورٹس کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تعلقات مزید بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔چینی صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں تجویزکردہ اپنے عالمی ترقیاتی اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو درپیش مارکیٹ چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد پائیدار ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈے پرعملدرآمد کو فروغ دینا اور یقینی بنانا بھی ہے۔ورچوئل ملاقات میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس اور چین کے تعلقات 21 ویں صدی میں بین الاقوامی تعلقات کی ایک مثال ہیں۔صدر پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین کے تعلقات اب تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں جو اعلیٰ درجے کے اسٹریٹجک باہمی اعتماد پر مشتمل ہیں۔صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں جمہوریت کی ا?ڑ میں دوسرے ممالک کی اندرونی معاملات میں دخل اندازی کر رہی ہیں۔