حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بلاول زرداری کی ایم کیوایم پر تنقید چورمچائے شور کے مترادف ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی وفاق کو دھمکی اور محب وطن قوم کو اقلیت کہناانکی تعصبانہ پالیسوں کا تسلسل ہے ۔ ان خیالات کا اظہارمتحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسڑکٹ آرگنائزر واراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری کی ایم
کیوایم پر تنقیداور وزیر اعلیٰ سندھ کی سندھ اسمبلی میں غیر مناسب الفاظ پر مبنی تقریر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاپا ،پھپو اور پپو جماعت کے چیئرمین بلاول زرداری کی ایم کیوایم کو دہشت گرد تنظیم کہنے کا بیان درحقیقت بے نظیربھٹو کو ان دہشت گردوں کا سہولت کار قرادینے کے مترادف ہے کیونکہ انکی والدہ ایم کیوایم سے اتحاد کیلیے انکے مرکز گئی اور انکے والد نے اپنے دور اقتدار میں ایم کیوایم کو شامل کیا پہلے وہ اپنے ماں باپ کو دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دیںورنہ اپنے بیان پر معذرت کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ کی تقریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھودیش کی پرورش کرنے والے وزیر اعلی ہاوس میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اور اقوام پاکستان پر ہمیں فخر ہے اور جو سندھودیش کا نعرہ لگائے گا ہم اسکے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے ۔