چین :کورونا کے خلاف اقدامات‘ 5لاکھ افراد قرنطینہ

340

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کورونا کے نئے کیسز کو کنٹرول کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئیں۔ صوبے زی جیانگ میں کورونا کیس سامنے آنے پر 5 لاکھ سے زائد افراد قرنطینہ کر دیے گئے ہیں۔زی جیانگ ملک کے مشرقی ساحل پر واقع ایک بڑے صنعتی اور برآمدی مرکزمیں چین کے مقامی طور پر 44 کیس رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 200 ہو گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے 5 لاکھ 40 ہزار لوگوں کو قرنطینہ کیا ہے۔ صوبے میں مسائل اس وقت سامنے آئے جب چینی میڈیا نے تیزی سے پھیلنے والے اومی کرون قسم کے پہلے کیس کی شناخت کی خبر شائع کی، جس کے بعد صوبے میں اومی کرون سے بچاو کے لیے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔میڈیا کے مطابق اومی کرون سے متاثر شخص 9 دسمبر کو بیرون ملک سے آیا تھا۔ اسے اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔صوبے کے دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر ہانگڑو میں کئی کمپنیوں نے بھی بیانات جاری کیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پروڈکشن کا کام معطل کر دیا ہے۔فلائٹ ٹریکر ویری فلائٹ کے ڈیٹا کے مطابق ہانگزو کی کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔