پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ انتظامیہ کی نااہلی،ملازمین 3 ماہ سے تنخواہ سے محروم

151

دھابیجی(نمائندہ جسارت)پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ انتظامیہ کی نااہلی، 3ماہ سے تنخواہیں نہ دیے جانے پر ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کردی۔ یوسی دھابیجی اور بھنبھور میں گزشتہ 4روز سے پینے کے پانی کی فراہمی بند۔ یوسی دھابیجی کو پانی فراہم کرنے والے پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کے ملازمین محمد شفیق راجپوت، صابر علی، علی اصغر، لطیف تھیم، حاجی جوکھیو، ایاز کچھیاور شاہ مراد منگی نے پریس کلب دھابیجی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کے ایکسیئن ساجد ملاح اور انجینئر نصیر جوکھیو کی جانب سے ملازمین کو گزشتہ 3ماہ سے تنخواہ نہیں دی جارہی ہے۔جس کے باعث ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور ہمارے بچے فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری ملازمین کی ماہانہ کم سے کم تنخواہ 25ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن پبلک ہیلتھ انتظامیہ کی جانب سے ان احکامات کی نفی کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین کو 15ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جو کہ گزشتہ 3ماہ سے نہیں دی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمیں 3ماہ کی تنخواہیں نہیں دی جاتی ہیں علاقے کو پانی کی فراہمی بند رہے گی۔دوسری جانب علاقے میں گزشتہ 4روز سے پانی کی بندش کے باعث شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔