حکومت کا گوادر مظاہرین سے مذکرات کا اعلان

279
اسلام آباد: وزیراعظم عمران کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

 

اسلا م آباد(صباح نیوز+آن لائن)وفاقی حکومت نے گوادر مظاہرین سے مذاکرات کا اعلان کردیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ اجلاس میں گوادر کے معاملات پر بھی بات کی گئی ہے،2وفاقی وزراء اسد عمر اور زبیدہ جلال گوادر جائیں گے اور مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے وہاں کے حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے معاملے پر وزیر اعظم پہلے ہی نوٹس لے چکے ہیں، اسلام آباد سے کئی گنا زیادہ گوادر میں پینے کے پانی پر خرچہ کیا گیا ہے، 700 ارب روپے کے سدرن بلوچستان منصوبے کا اعلان کر چکے ہیں جس میں 560ارب روپے خالصتا وفاق دے گا، اس کے باوجود اگر مسئلہ حل نہیں ہو رہا تو تحقیقات کی جائے گی، دونوں وزرا وہاں جاکر اس کا جائزہ لیں گے اور وزیر اعظم کو جامع رپورٹ پیش کریں گے۔وزیراطلاات کا کہنا تھا کہ الیکٹرونک مشین کا معاملہ 2012ء میں سب سے پہلے آصف علی زرداری نے اٹھایا تھا، اس کے بعد 2016ء میں اس پر بات
چیت ہوئی اور نواز شریف کی حکومت نے 2017ء میں الیکشن کمیشن کو اس پر ایک جامع رپورٹ بنانے کی ہدایت دی۔فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی شرائط پر مبنی ایک ٹینڈر جاری کرے تاکہ ساری دنیا میں جہاں ای وی ایم مشین بنتی ہیں وہ کمپنیاں ان سے رابطہ کریں گی، حکومت الیکشن کمیشن کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومت کے موقف کو ہی آگے بڑھا رہے ہیں اور الیکشن کمیشن نے خود آئندہ انتخابات کے لیے مشینیں مانگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان ایشیا کے تمام ممالک سے سستا ہے،ہمارے یہاں بس چائے مہنگی ہے، اس کے علاوہ تمام چیزیں سستی ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے پاس صرف کراچی اور حیدر آباد کا مسئلہ ہے، کراچی میں اس وقت ایک ہزار300سے زائد قیمت پر20کلو آٹا فروخت کیا جارہا ہے، ہمارے شور مچانے کے بعد سندھ حکومت نے تھوڑی بہتری کی تھی لیکن اب بھی آٹا مہنگا ہے، اسی طرح ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے کراچی میں چینی کی قیمت بھی زیادہ ہے۔وفاقی وزیر کے بقول حکومت سندھ صوبے میں آٹا اور چینی کی قیمتیں کنٹرول نہیں کر پارہی۔انہوں نے بتایاکہ کابینہ نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ فضائی حدود کی تبدیلی اور قازقستان کی کمپنی کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی ہے۔کابینہ نے پاکستان اور عراق کے درمیان فضائی سفر معاہدے میں ترمیم کی اجازت دی ہے، پاکستانی 5، 10، 50 اور 100 روپے کے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرانے کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی اجازت دی ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ افغان شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی گئی ہے اور ویزے کے حصول کی مدت کم کرکے 15دن کردی گئی ہے، اسی طرح دوسرے ممالک جانے والے افغان شہریوں کو 7 روز کا ٹرانزٹ ویزا دستیاب ہوگا تاکہ وہ زمنی اور فضائی راستے استعمال کر سکیں۔