اسلام آباد(جسارت نیوز)21ویں ایشین انفرادی اسکواش چمپئن شپ میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ، کویت، ملائیشیا، قطر اورسری لنکا کے کھلاڑی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف)نے چمپئن شپ برائے مینز اور ویمنز کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ چمپئن شپ آج سے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگی جو 19دسمبر تک جاری رہے گی ۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مردوں کے ایونٹ میں 32 کھلاڑیوں کا ڈرا ہوگا جبکہ خواتین ایونٹ میں 16 کھلاڑیوں کا ڈرا ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستان کے ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں سمیت ہانگ کانگ ، کویت ، ملائیشیا ، قطر اورسری لنکا کے کھلاڑی دونوں ایونٹس میں شرکت کریں گے۔مردوں کے ایونٹ میں ہانگ کانگ،کویت اور ملائیشیا کے 4،4کھلاڑی جبکہ پاکستان کے 6، قطر کے 2اور سری لنکا سے 4کھلاڑی ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ خواتین کے ایونٹ میں ہانگ کانگ اور ملائیشیا کے 4، 4جبکہ پاکستان 6اور سری لنکا کی 2خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی۔ایونٹ میں پاکستان کے طیب اسلم، عاصم خان، ناصر اقبال، فرحان زمان، عماد فرید اور اسرار احمد مردوں کے ایونٹ میں جبکہ زینب خان، نورالہدی، صائمہ شوکت، انعم مصطفی عزیز، نورالعین اعجاز اور کومل خان خواتین کے ایونٹ میں شرکت کریں گی۔ مردوں کے ایونٹ میں ورلڈ نمبر 26 ملائیشیا کے این جی این یو ٹاپ سیڈ ہوں گے جبکہ خواتین ایونٹ میں ہانگ کانگ کی ورلڈ نمبر 41 لیوٹیز لینگ ٹاپ سیڈ ہوں گی۔