کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان نے کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے امپورٹ اور ایکسپورٹ کی مال بردار گاڑیوں کو بیجا روکنے اور ہراساں کرنے کی بلاجوازکارروائیوں کے خلاف احتجاجاً کوئٹہ ڈرائی پورٹ،این ایل سی ،چمن اور تفتان بارڈر پر کاروباری و دیگر سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔گزشتہ روز صوبے کے درآمدی و برآمدی شعبوں سے وابستہ افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فدا حسین دشتی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میںکسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے بلاجواز ایکسپورٹ اور امپورٹ کے مال سے لدی گاڑیاں روکی جا رہی ہیں بلکہ مختلف گوداموں سے مارکیٹوں،صنعتوں اور دکانوں تک مال پہنچانے والی چھوٹی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا مقصد قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی اور اسمگلنگ کی حوصلہ افزائی کے سوا کچھ نہیں۔چمن بارڈر پر تمام تر کاروباری سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک معطل رہیں گی۔ احتجاج کو مزید وسعت دینے سے متعلق آئندہ چند دنوں میں سخت لائحہ عمل طے کیا جائے گا،جس کی تمام تر ذمے داری کسٹم انٹیلی جنس کے موجودہ ڈائریکٹر پر عاید ہوگی۔