اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے میں بار، بار کہتا ہوں کہ جس دن ہاتھ اٹھایا جائے گا ایک دن بھی حکومت نہیں رہ سکتی‘ یہ حکومت بیساکھیوں پر ہے اور یہ بیساکھیاں ہٹانے کی ضرورت ہے‘ جمہوریت کوآگے بڑھنے کی ضرورت ہے‘ اسٹیٹ بینک آزاد ادارہ ہے جو کرے گا ہمیں بھگتنا پڑے گا‘ مانیٹری پالیسی کیا ہے؟ اسٹاک مارکیٹ ڈوب گئی ہے‘ ڈالر75 فیصد بڑھ چکا ہے جن لوگوں نے سرمایہ کاری کی تھی ان کی سرمایہ کاری آدھی رہ گئی ہے اور ان کی رقم ڈوب گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب کی مدت ختم ہو چکی ہے‘ وہ ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں‘ اسکینڈل پر اسکینڈل ہے اور چیئرمین نیب اور عدالتیں خاموش بیٹھی ہیں‘اسپیکر قومی اسمبلی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والوں میں کھلم کھلا پیسے بانٹ ر ہے ہیں ۔