لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جاگیردار اور وڈیرے ملک کے وسائل پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے سب سے بڑا فراڈ کیا، ساڑھے تین سالوں میں ادارے تباہ، معیشت کا بیڑہ غرق ہوگیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ سیاسی جماعتوں نے وقت بے وقت بلدیاتی اداروں کو مختلف تجربات کی بھینٹ چڑھایا، ڈکٹیٹروں نے انھیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا،سول حکومتیں برائے نام بلدیاتی ادارے چاہتی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی جو کام سب سے پہلے کیا وہ بلدیاتی نظام کا گلا گھونٹنا تھا،سابقہ حکمران پارٹیوں کا بھی یہی وطیرہ رہا، جماعت اسلامی مسلسل مضبوط بلدیاتی نظام کے قیام کا مطالبہ کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں شفاف الیکشن کے ذریعے اور حکومتی مشینری کی مداخلت کے بغیر بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب ہو۔ بلدیات کے الیکشن بروقت اور شیڈول کے مطابق ہونے چاہییں اور انھیں ترقیاتی فنڈز بغیر کسی سیاسی تفریق کے جاری ہوں، مغرب نے بلدیات کا مضبوط نظام قائم کرکے ترقی کو ممکن بنایا۔
سرا ج الحق کا کہنا تھا کہ حضور پاک نے سب سے پہلے بلدیاتی حکومت کا نظام متعارف کروایا، حضرت عمر کے دور میں یہ نظام مزید مضبوط اور مستحکم ہوا، خلفائے راشدین کے اصولوں کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارا مقصد ہے۔ عوام جماعت اسلامی کو موقع دیں اور آزمائی ہوئی جماعتوں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کریں۔ ملک کے حکمرانوں نے عوام کو محرومیوں کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا،انہیں اور موقع ملا تو ملک مزید پیچھے جائے گا۔