گوادر ہنر مند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لیے 1.2 ملین ملازمتیں پیدا کرے گا، پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ گوادر کے نوجوانوں کو تکنیکی تربیت فراہم کرے گا ، نوجوان گوادر کو جدید اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا ایجنٹ ثابت ہوں گے، تین سالہ کورس کے دوران طلباء ایک سال پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ گوادر اور ڈیڑھ سال چین کے شان ڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کمرشل ٹیکنالوجی میں گزاریں گے، طلباء چین میں کورسز سے متعلقہ صنعت میں انٹرنی کے طور پر عملی تجربہ سیکھیں گے۔
پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل اصغر نے کہا ہے کہ گوادر پرو کے مطابق گوادر کی آبادی کا 50 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو زیادہ تر غریب ہیں اب وہ پاکستان میں بین الاقوامی قابلیت کے ساتھ ساتھ عالمی مارکیٹ میں اعلیٰ معاوضہ والی ملازمتوں سے مستفید ہونے والے ہیں عالمی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اگلے سال فروری میں گوادر کے طلبا کی پہلی کھیپ کو بھرتی کرکے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ ترقی گوادر پورٹ، گوادر فری زون کے پہلے مرحلے اور دوسرے مرحلے میں گوادر کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گی، بندرگاہ میں برآمدات پر مبنی صنعتیں اور گوادر ماسٹر پلان کے تحت باقی دیگر کاروباری سرگرمیاں پیدا ہوں گی جو ظاہر کرتی ہے کہ ساحلی شہر 30 بلین ڈالر سے زیادہ کی اقتصادی پیداوار کے ساتھ ہنر مند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لیے 1.2 ملین ملازمتیں پیدا کرے گا۔ چونکہ گوادر کے تقریباً 80 فیصد لوگ مچھلی پکڑنے اور ماہی گیری سے تعلق رکھتے ہیں، لہٰذا دیگر تکنیکی تربیت کے ساتھ ساتھ، انسٹی ٹیوٹ گوادر کے نوجوانوں کو ماہی گیری کے جدید طریقوں، کشتیوں اور بندرگاہ میں مچھلیوں کو سنبھالنے سے پہلے کی پیشہ ورانہ معلومات فراہم کرے گا۔ جدید مچھلی کے جال کی بنائی، مچھلی کا تحفظ، جہاز سازی، خوراک کا تحفظ، کاروباری تکنیک اور کاروبار کے لیے پاکستانی اور چینی قانون سے آگاہی دی جائے گی ۔
گوادر کے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے تقریباً 400 طلباء کی پہلی کھیپ گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر احمدکاشانی اور چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی ( سی او پی ایچ سی ) کے چیئرمین چانگ باؤچونگ کی خصوصی کاوشوں سے سی پیک کے تحت 83 ملین یوآن کی لاگت سے چین کی مدد سے تعمیر کردہ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں مفت داخلہ حاصل کرے گی۔ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل اصغر نے گوادر پرو کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم، ہاسٹل اور دیگر متعلقہ سہولیات کے ساتھ انہیں مفت فراہم کی جائے گی، گوادر کے نوجوان (مرد اور خواتین) ایک چھوٹے سے ماہی گیری کے شہر کو جدید سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا ایجنٹ ثابت ہوں گے۔