چین کا امریکا کی اندھا دھندپابندیوں کا جواب دینے کا اعلان

297

بیجنگ: چین نے امریکا کی جانب سے اندھا دھندپابندیوں کا جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ چین اپنی قومی خود مختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے دفاع کے عزم مصمم پر قائم ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے امریکا سے اپیل کی کہ وہ چین پر انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی آڑ میں چینی شہریوں اور اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اپنا حالیہ فیصلہ واپس لے۔ چین نے اسی کے ساتھ وارننگ دی کہ امریکا کی اندھا دھندکارروائیوں کا جواب دیا جائے گا، ہم امریکا سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے غلط فیصلے کو فورا واپس لے، چین کے داخلی امور میں مداخلت کرنا اور چین کے مفادات کو نقصان پہنچانا بند کرے۔

وانگ وین بن نے کہاکہ اگر امریکا نے اپنی ایسی اندھا دھند کارروائیاں جاری رکھیں تو چین بھی سخت جواب دینے کے لیے موثر کارروائی کرے گا، چین اپنی قومی خود مختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے دفاع کے عزم مصمم پر قائم ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے عاقبت نا اندیش اقدامات سنکیانگ کی ترقی کو تباہ نہیں کرسکتے، چین کی ترقی کو روک نہیں سکتے یا تاریخی ترقی کے رجحان کو پلٹ نہیں سکتے۔