اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ( ن )کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز وزیراعظم کے عہدے کے لیے اہل نہیں ہیں، وہ الیکشن نہیں لڑ سکتیں اور عموماً یہی ہوتا ہے کہ جو پارٹی کا صدر ہوتا ہے وہ وزیراعظم بنتاہے،شہباز شریف پارٹی صدر ہیں اور وہی ہمارے امیدوار ہوں گے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ کراچی کے عوام صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت کو13 سال ہوگئے ہیں جو ڈیلیوری ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہے، پیپلز پارٹی کا حالیہ الیکشن میں زیادہ ووٹ لینا جمہوریت کے لیے خطرہ ہے، پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ اپوزیشن میں ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا کہ آنے والے الیکشن میں عوام فیصلہ کر دیں گے۔گرین لائن پروجیکٹ کے افتتاح سے متعلق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی میں جس پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا وہ نوازشریف کا ہے لیکن اس میں رینجرز کو بھیجنے کی ضرورت نہیں تھی،رینجرز صوبائی حکومت کو رپورٹ کرتی ہے، ہم وہاں دہشت گردی نہیں کر رہے تھے، وہاں پولیس ہونی چاہیے تھی لیکن سندھ حکومت نے رینجرز کو بھیجا ،ماضی قریب میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکا معاملہ جو رینجرز کے ساتھ ہوا تھااس کی بھی کوئی رپورٹ آج تک نہیں آئی۔شاہد خاقان نے آصف زرداری کے نواز شریف سے متعلق حالیہ بیان پر کہا کہ ان کے ذہن میں فاصلے بڑھ گئے ہوں گے۔