شہباز شریف دور میں 5500 ماورائے عدالت قتل ہوئے،فواد چوہدری

191

لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے احمد فراز کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ جعلی پولیس مقابلے شہباز شریف کے دور میں ہوئے‘5500 افراد ماورائے عدالت پولیس مقابلوں میں قتل ہوئے‘ دو تہائی سے زیادہ لوگ شہباز شریف کے دور میں ماورائے عدالت قتل ہوئے‘ 1991ء سے 1999ء تک 1858پولیس مقابلوں میں 1294افراد قتل ہوئے‘1997ء سے 1999ء تک771 ملزمان کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا گیا‘ پرویز مشرف کی حکومت آتے ہی یہ جعلی پولیس مقابلے بند ہو گئے‘2000ء میں صرف 135 پولیس مقابلے ہوئے‘جوڈیشل ریفارمز کے لیے جج صاحبان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے‘ صحافیوں کو ایک ہفتے کے اندر صحت کارڈ کی سہولت دی جائے گی۔ پیر کو لاہور پریس کلب میں احمد فراز کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ1867ء میں انگریزوں نے پولیس کا جو نظام بنایا تھا اسے تباہ کر دیا گیا ہے‘ تھانیدار اور ایس ایچ اوز کی حیثیت ہی ختم کر دی گئی ہے اس نظام کو دوبارہ بحال کرنا ہوگا اس کے علاوہ اس کا کوئی حل نہیں۔ کتاب میں اس بات کا بھی ذکر ہے کہ سابق آئی جی سندھ رانا مقبول نے اپنی تعیناتی کے دوران کئی افراد کو مبینہ مقابلوں میں مروایا‘ پولیس نے پرائیویٹ لوگوں سے پیسے لے کر مخالفین کو مارنا شروع کر دیا تھا۔ فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم لاہور میں ایک بڑے پروگرام کا اعلان کرنے جا رہے ہیں‘ پنجاب میں تمام لوگوں کو10 لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس دستیاب ہوگی‘ 50 ہزار روپے سے کم آمدن والے لوگوں کو30 فیصد تک راشن پر رعایت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ایک ہفتے میں ہیلتھ کارڈ دیں گے‘ اسی طرح کیمرا مینوں یا میڈیا ورکرز کو جن کی تنخواہیں50 ہزار روپے سے کم ہیں، کو آٹا، دال اور گھی پر 30 فیصد رعایت دیں گے۔