کراچی( اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ گوادر کی حق دوتحریک ،اصلی اور خالص عوامی تحریک ہے۔ نہایت پُرامن، پُرعزم، سیاسی مطالبات سے مبرّا، یہ تحریک ملک و قوم کیلیے خدائی عطیہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ گوادر کی عوامی تحریک اور اِس کے متفقہ قائد ہدایت الرحمن بلوچ کی قدر کیجیے۔ اِس تحریک کو نظرانداز کرنے،دبانے یا انتشار پیدا کرنے کی غلطی نہ کریں۔امیر ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے کہا کہ یہ تحریک کسی سازشی منصوبہ کا حصہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کوحق دوتحریک ملک اور خصوصاً بلوچستان کی مکمل عوامی،جمہوری تحریک ہے، جسے عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے۔انہوںنے اس بات پرزوردیا کہ ملک وقوم کی مفادمیں شروع کی جانے والی عوامی تحریک کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے۔