گوادر دھرنے پر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی‘حافظ حسین

153

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علما اسلام کے رہنما اور ممتاز پارلیمنٹیرین حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ گوادر کے مظلوم عوام سی پیک سمیت گوناگوں مسائل کے حوالے سے کئی روز سے دھرنے پر بیٹھے ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی جبکہ میڈیا بھی اس حوالے سے اب تک خواب خرگوش میں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سی پیک کے فنڈز لاہور میٹرو کی نذر ہوگئے جبکہ اب آئی ایم ایف کے احکامات کے تحت سی پیک پر کام کچھوے کی رفتار سے جاری ہے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ کم از کم صوبہ بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علما کرام، وکلا، عزام، تاجر، طلبہ ، ٹرانسپورٹر اور زمینداروں وغیرہ کو گوادر کے مجبور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا فرض ادا کرنا چاہیے ۔