گوادر تحریک کے مطالبات پر پیش رفت جاری ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

203

کوئٹہ(اے پی پی+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ گوادر تحریک کے مطالبات پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گوادر تحریک کے مطالبات انسانی حقوق کے تحفظ پر مبنی ہیں اورپہلے ہی سے موجودہ حکومت کی پالیسی میں شامل ہیں‘ متعلقہ محکمے غیر قانونی ماہی گیری اور ٹرالنگ کی روک تھام یقینی بنا رہے ہیں۔علاوہ ازیں مشیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلے دن سے ہی گوادر کو حق دو دھرنا کو سنجیدگی سے لیا۔نجی ٹی وی جیو نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابتداء ہی میں گوادر کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن سے ملاقات کی،صوبائی حکومت نے19 میں سے 16 مطالبات اسی وقت مان لیے تھے۔مشیر داخلہ بلوچستان نے اعتراف کیا کہ تمام مافیاز کو ایک دن میں کنٹرول نہیں کیا جاسکتا، بلوچستان کے سمندر میں غیرقانونی ٹرالنگ ختم ہوگئی۔