منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف اور حمزہ مرکزی ملزم نامزد

231

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن+صباح نیوز)ایف آئی اے نے اپنے چالان میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا ہے۔ ایف آئی اے نے شہباز ،حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے، ایف آئی اے نے چالان بینکنگ جرائم کورٹ میں جمع کرایا جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا چالان 7 والیمز پر مشتمل ہے، جس میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی ہے، یہ گواہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف عدالت میں گواہی دیں گے۔چالان میں شہباز شریف فیملی کے بے نامی داروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، سلمان شہباز سمیت 3 ملزمان اس مقدمے میں اشتہاری ہو چکے ہیں۔گزشتہ سماعت میں وکیل ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ سے کہا تھا کہ ہم چالان متعلقہ عدالت کے سامنے پیش کریں گے، ہمارا اعتراض ہے کہ بینکنگ جرائم کورٹ کے پاس اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں۔ بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ درخواستیں یہاں چل رہی ہیں آپ کیسے کسی اور کیس میں چالان جمع کرا سکتے ہیں، آپ عدالت کو گمراہ نہ کریں ، آپ کا اعتراض متعلقہ عدالت سن کر فیصلہ کر دے گی۔عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا چالان بینکنگ کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے رمضان شوگر مل ریفرنس سے بریت کی درخواست دائر کردی۔ احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے حمزہ شہباز کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔