ملکی راز غیر ملکی سفیر کو بیچنے کے الزام میں اسلام آباد پولیس کا افسر گرفتار

387

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں ایف آئی اے کاونٹر ٹیررازم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے ملکی راز بیچنے کے الزام میں اسلام آباد پولیس کے افسر کو گرفتار کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے زیرتفتیش انکوائری لیک کرنے کے الزام میں پولیس افسر ظہور احمد کو گرفتار کرلیا ہے، اے ایس آئی ظہور احمد تھانہ گولڑہ میں تعینات تھا، جس کے خلاف دہشتگردی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار پر غیرملکی سفیر سے ملاقات کی منصوبہ بندی کرکے اہم ملکی دستاویزات دینے کا الزام ہے، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ اے ایس آئی ظہور احمد نے غیر ملکی سفارت کار ایجنٹ سے جناح ایونیو پر ملاقات کی اور انکوائری تفصیلات غیر ملکی سفارتکار کے ایجنٹ کو فراہم کیں۔

ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے اس سے لفافے میں 50 ہزار روپے، یو ایس بی اور اے ٹی ایم کارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔