حکومت ملکی مسائل پر اندھی ہوچکی ہے، سراج الحق

398

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت ملکی مسائل پر اندھی ہوچکی ہے، گوادر کے معاملے پر وزیر اعظم عملی اقدامات اٹھائیں ، پیکج کے اعلانات سے معاملات حل نہیں ہوتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ساڑھے 3سال سے ہر نوٹس عوام پر بھاری پڑرہاہے، قوم  نعروں ، وعدوں اور اعلانات کے بجائے عملی اقدامات چاہتی ہے،حکومت آئی ایم ایف کے سامنے گونگی، عوام کی چیخوں و پکار پر بہری اور ملکی مسائل پر اندھی ہو چکی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف کے حوالے سے حکومت کے نمائندہ گورنر پنجاب کی گواہی ہمارے خدشات کی تصدیق ہے،کراچی کے لیے 1100ارب روپے کا معاملہ ہو یا قبائلی اضلاع کے لیے پیکیج کا اعلان، کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ  حکومت کی غلط پالیسیوں اور نااہلی سے ملک میں مڈل کلاس ختم ہورہی ہے، غریب اور امیر کا فاصلہ بڑھ رہا ہے، جو کسی بھی معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر اورروپے کی قدر میں 54فیصد کمی حکومتی معاشی پالیسیوں پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت نے قرضوں کے حصول کے لیے آئی ایم ایف کے ظالمانہ شرائط کا بھاری بوجھ عوام پرلاد دیا ہے، جس کو اٹھانے کی سکت اب اس قوم میں نہیں ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے بہت دور ہو چکی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جہاں بھی مڈل کلاس کا خاتمہ ہوا، سوسائٹی میں انتشار پیدا ہوا جو کہ نفرت اور جرائم میں اضافے کا باعث بنا۔ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے گونگی جب کہ عوام کی چیخیں اس کو سنائی نہیں دیتیں، اس لیے یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ وہ قوم کے لیے بہری ہو چکی ہے اور مسائل کی بجائے حقیقت سے نظریں چراتے ہوئے ترقی کی بات کرنے پر شک گزرتا ہے کہ وہ اندھی بھی ہو چکی ہے۔